ٹائم آؤٹ، سری لنکا کے بعد پاکستان بھی فہرست میں شامل


کراچی: ورلڈ کپ 2023 میں ہونے والے ٹائم آؤٹ واقعے کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہو گیا۔ پاکستان کے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلے باز صہیب مقصود ٹائم آؤٹ قانون کا دوسرا شکار بن گئے۔

آزاد جموں و کشمیر اور ملتان ریجن کے میچ میں ملتان ریجن کی نمائندگی کرنے والے صہیب مقصود کریز پر دیر سے پہنچنے کے باعث ٹائم آؤٹ کا شکار ہو گئے۔ صہیب مقصود سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کے بعد ٹائم آؤٹ کا شکار ہونے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

اس ٹورنامنٹ کے میچز 4 مختلف گراؤنڈز میں کھیلے جا رہے ہیں جن میں نیشنل بینک اسٹیڈیم، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس، نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس اور ہائی پرفارمنس سینٹر اوول گراؤنڈ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شان مسعود کے پاس بہت اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیں دکھائیں، بابر اعظم

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں سری لنکا اور بنگلادیش کے میچ میں سری لنکن بیٹر اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائم آؤٹ قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام کراچی میں نیشنل ٹی 20 کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں 18 ٹیمیں شریک ہیں، جنہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں