اسلام آباد: بھارتی کوآرڈینیٹر الوک ڈمری نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر آنے کا پہلی بار موقع ملا، یہاں کے مختلف شہر دیکھنے کی خواہش ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس پاکستان کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ جس میں تنظیم کے مقاصد، فروغ اور عملی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر اجلاس میں شریک بھارتی کوآرڈینیٹر الوک ڈمری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایس سی او کے سالانہ اجلاس میں شریک ہوئے ہیں اور پاکستان کی سرزمین پر آنے کا پہلی بار موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے ایس سی او پلیٹ فارم میں بہتری آئے گی اور ہم آگے بڑھیں گے۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد دیکھنے کی خواہش ہے جبکہ لاہور کو ایس سی او کا ثقافتی شہر بھی قرار دیا گیا ہے۔
الوک ڈمری نے کہا کہ ایس سی او کی سال بھر سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ اور امید ہے مزید بہت کچھ دیکھنے اور لوگوں سے ملنے کا موقع بھی ملے گا۔ ہم نے رابطوں کا اہم معاملہ اٹھایا جبکہ خطے میں تجارت اور رابطوں پر بھی بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کوآرڈینیٹرز اجلاس میں ترقی، فلاح اور بہتری کے ایجنڈے پر بات کی ہے۔
Remarks of National Coordinator SCO of India on the Sidelines of the Meeting of National Coordinators of SCO in Islamabad (28-30 September) pic.twitter.com/KidWsvM1w1
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 30, 2026
واضح رہے کہ پاکستان کی زیر صدارت ایس سی او کونسل آف نیشنل کوآرڈینیٹرز کا پہلا اجلاس 28 سے 30 ستمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں رکن ممالک کے قومی رابطہ کاروں اور سیکرٹریٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کے تحت مجوزہ سرگرمیوں اور اہم اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ایس سی او اجلاس اور تقریبات کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایس سی او قومی رابطہ کاروں کے اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان رابطہ کاری اور عملی تعاون مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ جبکہ پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کا مرکزی موضوع ‘ویژن کو عملی اقدام میں تبدیل کرنا، رابطہ کاری، جدت اور مشترکہ خوش حالی’ ہے۔
ایس سی او وفود نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس کا دورہ کیا جہاں پاکستانی ثقافت و فنون سے آگاہی حاصل کی۔ وفود نے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کرکے ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیا، ایس سی او ہاکی ٹورنامنٹ 20 نومبر سے 2 دسمبر 2026 تک منعقد ہوگا۔
ایس سی او کے قومی رابطہ کاروں نے 30 ستمبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، اسحاق ڈار نے پاکستان کی ایس سی او چیئرمین شپ کی ترجیحات اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے اختتام پر قومی رابطہ کاروں نے ایس سی او کے مقاصد کے فروغ اور عملی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔



