چاہتا ہوں افتخار پاکستان کیلئے میکسویل جیسی اننگز کھیلے،شاہد آفریدی

shahid afridi

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد سے آسٹریلیا کے گلین میکسویل جیسی اننگز کھیلنے کی توقعات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ چاہتا ہوں افتخار پاکستان کیلئے میکسویل جیسی اننگز کھیلے۔

ایک انٹرویومیں کھلاڑیوں کے تیز نہ کھیلنے پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ 10 سالوں میں کرکٹ بہت چینج ہو گئی ہے، ماڈرن کرکٹ میں کھلاڑی کو ڈاٹ بال نہیں کھیلنی چاہیے، اب کھلاڑی کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ بعد میں کور کر لے گا کیونکہ اب کھیلنے کا انداز تبدیل ہو چکا ہے۔

جس کے بعد میزبان نے سابق آل راؤنڈر سے سوال کیا کہ پاکستان میں مثبت سوچ کب سے ختم ہوئی؟ جس پر شاہد آفریدی نے کہاکہ 2011 سے 2012 کے دوران میں نے محسوس کیا جب میں خود بھی ٹیم کا حصہ تھا، اگر چہ میں مصباح الحق کو ٹیسٹ کپتان اور بطور ٹیسٹ کرکٹر اعلی درجے پر رکھتا ہوں، ایک ایسا کھلاڑی جس نے پاکستان کرکٹ کیلئے بہت اچھی پرفارمنسز دیں لیکن میرے نزدیک مصباح ون ڈے کرکٹ میں اپنی اپروچ کو تیز کر سکتا تھا کیونکہ اس کے بعد کرکٹ تیز ہوگئی تھی۔

ورلڈ نمبر ون کی طرح کھیلے، ہارنے کا مطلب یہ نہیں کہ لڑکے گرگئے، افتخار احمد

شاہد آفریدی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر مصباح کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ تیزکرتا، مثبت کی طرف لے کر جاتا تو اچھا ہوتا تاہم ہر کھلاڑی کی اپنی اپروچ ہے، میں کھیل میں جارحانہ مزاج کا حامل تھا اسی طرح مصباح کھیل میں دفاعی تھا۔

میر ا خیال ہے کہ اگر ہم اس وقت سے کھلاڑیوں کو تیز کھیلنے کا کہتے کہ وہ تیز کھیلیں تو ان کا کھیلنے کا ارادہ اور انداز آج مختلف ہوتا اور اس کے بعد جو کھلاڑی آتے ان کا مائنڈ سیٹ بھی چینج ہوتا۔


متعلقہ خبریں