بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت یونٹس کے بجائے نقد پیسے ملیں گے ، سفارشات تیار


بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت بجلی نہیں بلکہ مفت یونٹ کے حساب سے پیسے ملیں گے۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے افسران کو ماہانہ مفت یونٹس کی فراہمی بند کرنے کی سفارش تیار کر لی ، آئندہ اجلاس میں منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

مفت یونٹس کی سہولت ختم کرنے سے سالانہ 6 ارب روپے سے زائد کی بچت ہو گی، مجوزہ سفارشات کے مطابق گریڈ 17 کے افسر کو ماہانہ 450 مفت یونٹس کے بجائے 15 ہزار 858 روپے ، گریڈ 18 کے افسر کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کی بجائے 21 ہزار 996 ، گریڈ 19 کو 880 یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے ،گریڈ 20 کو1100 مفت یونٹس کے بجائے 46 ہزار 992 ، گریڈ 21  کے افسر کو 1300 مفت یونٹس کے بجائے 55 ہزار 536  روپے دیے جائيں گے۔

سرکاری ملازمین کو مفت بجلی کسی صورت فراہم نہیں کرسکتے، وزارت توانائی

جنریشن کمپنیوں کے افسران کے لیے بھی ایسی ہی تجاویز تیار کی گئی ہیں، گریڈ 16 تک کے ملازمین کو فی الوقت مفت بجلی کی سہولت جاری رہے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ جنریشن کمپنی کے گریڈ 17 کے افسر کو مفت یونٹس کی بجائے 24 ہزار 570 روپے، گریڈ 18 کو مفت یونٹس کی بجائے 26 ہزار 460 ، گریڈ 19 کو 42 ہزار 720 ، گریڈ 20 کو 46 ہزار 992  اور گریڈ 21 کے افسر کو 55 ہزار 536 روپے ملیں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں