پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی لندن میں کندھے کی سرجری مکمل ہوگئی، ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق 5 ہفتے آرام کے بعد نسیم شاہ باؤلنگ کا آغاز کرسکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق لندن میں نسیم شاہ کے کندھے کی ٹنڈن سرجری کی گئی۔ ڈاکٹرز نے نسیم شاہ کو 5 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، آرام مکمل کے بعد نسیم شاہ ہلکی باؤلنگ کا آغاز کر سکیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نسیم شاہ کے مینیجر مغیث شیخ نے اپنے اکاؤنٹ سے فاسٹ باؤلر کی سرجری کے بعد تصویر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ نسیم شاہ سرجری کے بعد پُرجوش ہیں اور جلد ہی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
نسیم شاہ کے مینیجر کی طرف سے شائقین کو انکے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔
Naseem Shah is in good spirits after minor procedure on his shoulder. Please remember him in your prayers. He will be in action soon inshallah. #NaseemShah #cwc23 @iNaseemShah pic.twitter.com/AqOmQkofQs
— Moghees Sheikh (@MogheesSheikh) October 3, 2023
خیال رہے کہ نسیم شاہ گزشتہ ماہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ورلڈکپ اسکواڈ سے بھی باہر ہونا پڑا تھا۔
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے بعد دسمبر میں پاکستان کا دورہ آسٹریلیا شیڈول ہے۔ نسیم شاہ کے مکمل فٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف اسکواڈ میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔
دوسری طرف فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی بھی کہنی پر لگا پروٹیکٹر ایک ماہ بعد اتار دیا جائے گا۔ پروٹیکٹر اترنے کے بعد فاسٹ باؤلر احسان اللہ کا ری ہیب شروع ہوگا۔ گزشتہ ماہ فاسٹ باؤلر احسان اللہ کی کہنی کی سرجری کی گئی تھی۔