اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم کی ضمانت کی درخواستیں بحال کرنے کی اپیلیں منظور کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی 9 درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں ٹرائل کورٹس میں بحال کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فیصلہ سنایا۔ فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ کے عدم پیروی پر ضمانت خارج کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل منتقل
ٹرائل کورٹس کی طرف سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دی گئی تھیں۔ سیشن کورٹ اور انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی عدم پیروی پر ضمانتیں خارج کیں تھیں۔
ان کیسز میں 9 مئی کے تین مقدمات، اسلام آباد میں احتجاج کے تین مقدمات، توشہ خانہ جعل سازی کیس، دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور اقدام قتل کے مقدمات شامل ہیں۔