سعودی عرب میں 2 فوجی افسران کے سر قلم


ریاض: سعودی عرب میں بغاوت کا الزام ثابت ہونے کے بعد عدالتی حکم پر 2 فوجی افسران کے سر قلم کر دیئے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل ماجد بن موسی عواد البلوی اور چیف سارجنٹ یوسف بن رضا حسن العزونی کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا گیا۔

سزا پانے والے فوجی افسران میں سے ایک پر غداری کا مرتکب ہونے کے ساتھ ساتھ قومی مفادات اور فوجی خدمات کے اعزاز کے تحفظ میں ناکامی کا الزام ثابت ہوا تھا جس پر اسے موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

دوسرے فوجی افسر کو اعلیٰ، قومی اور فوجی زمروں میں غداری کا مرتکب پانے پر موت کی سزا سنائی گئی تھی اور ان دونوں کی سزا پر عمل درآمد کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کو عالمی سمجھوتے کرنے کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دونوں فوجی افسران کو 2017 میں گرفتار کیا گیا تھا جن پر یمن میں حوثی باغیوں کی مدد کرنے کا الزام تھا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب رواں برس اب تک 73 کے قریب ملزمان کا سر قلم کر چکا ہے اور اتنی بڑی تعداد میں سزائے موت دیئے جانے پر سعودی عرب کو عالمی اداروں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں