9 ستمبر کو ملک گیر عدالتی ہڑتال کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان بارکونسل نے مہنگائی کے خلاف 9 ستمبر کو ملک گیر عدالتی ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین ایگزیکٹو پاکستان بار کونسل حسن رضا پاشا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی سے عام عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے جس پر ہم نے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ دیں اور انہیں کسی سے مشاورت کرنے کی ضرورت نہیں۔ صدر مملکت 90 دنوں میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تاریخ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن ختم کرنا ہو گی، سراج الحق

حسن رضا پاشا نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ججز، جنرلز اور گورنمنٹ آفیشل کی مراعات ختم کی جائیں جبکہ بجلی، پٹرول اور گیس کے بل قومی خزانے سے نہ دیئے جائیں۔ بلوچستان کے ساتھ ساتھ باقی ملک میں لاپتہ افراد کا معاملہ بڑھتا جا رہا ہے اور وکلا پروٹیکشن بل پر فوری طور پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وکلا کے گھروں پر غیر قانونی چھاپوں کو ختم کیا جائے۔ وکلا اپنا قانونی حق استعمال کر کے اپنے مؤکل کا مؤقف عدالت میں پیش کرتے ہیں اور جن ججز پر ریفرنسز دائر ہیں ان پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نامزد چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے مطالبہ ہے کہ ریفرنسز پر کارروائی کریں۔


متعلقہ خبریں