پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن ختم کرنا ہو گی، سراج الحق


رینالہ خورد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہ ہو چکی ہے اور مہنگائی کے ڈیرے ہیں۔ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو ملک سے کرپشن ختم کرنا ہو گی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے رینالہ خورد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 4 سالہ دور اقتدار میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کیے گئے جبکہ پیپلز پارٹی نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا۔ پی ڈی ایم کی 18 ماہ کی حکومت کے باوجود آج ہر طرف مہنگائی کے ڈیرے ہیں اور ملکی معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے پناہ مسائل کے باعث ملکی حالات بہت خراب ہیں لیکن ہم ان حالات کو بدلنا چاہتے ہیں۔ ملک کلمہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا اور پاکستان میں اللہ کا نظام ہونا چاہیے۔ جماعت اسلامی سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کی جماعت نہیں بلکہ جماعت اسلامی غریب کی اور مڈل مین کی جماعت ہے۔

انہوں ںے کہا کہ 76 سال گزرنے کے بعد آج بھی پاکستان میں انگریز کا نظام ہے، اسکولوں اور کالجز میں انگریز کا نظام چل رہا ہے ہم اپنا نظام نہیں بنا سکے یہ ہماری نااہلی ہے۔ پرویز مشرف نے سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگایا لیکن پاکستان کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پوری قوم شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، آئی ایس پی آر

سراج الحق نے مزید کہا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی میں تاجروں کو بلایا اور بتایا کہ پاکستان میں کرپشن نے اپنے پنجے جما رکھے ہیں۔ اگر پاکستان کو بچانا ہے تو کرپشن کو ختم کرنا ہوگا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن آج پاکستان کا روپیہ انڈیا بنگلہ دیش سے بھی کمزور ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں انقلاب لانا چاہتی ہے، ہمارا ساتھ دیں، 18 ستمبر کو ملک کے تمام گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنا دیں گے۔


متعلقہ خبریں