اسلام آباد: نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاملے پر پرامن احتجاج عوام کا حق ہے تاہم پر تشدد حملے اور سرکاری عملوں کو نشانہ بنانے کی اجازت کسی کو نہیں ہے۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف احتجاج پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ صرف احتجاج، بل جلانے اور بل نہ دینے سے بجلی سستی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل ادا نہ کیے تو اکثر لوگوں کے لیے اندھیرا ہو گا، فہم فراست، سمجھ بوجھ اور بہتر حکومتی اقدامات سے ہی یہ مسائل حل ہوں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پرامن احتجاج عوام کا حق ہے لیکن پرتشدد حملے اور سرکاری عملے پر حملے اس حق میں شامل نہیں ہیں۔
پرامن احتجاج عوام کا حق ہے، پر تشدد حملے اور سرکاری عملے پر حملے اس حق میں شامل نہیں ہیں۔
میں نے کل بھی کہا تھا اور آج بھی کہتا ہوں کہ صرف احتجاج سے، بل جلانے سے اور بل نہ دینے سے نہ صرف بجلی سستی نہیں ہوگی بلکہ اکثر لوگوں کیلئے اندھیرا ہوگا۔ فہم فراست، سمجھ بوجھ اور بہتر حکومتی…— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) August 29, 2023
اس سے قبل نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کابینہ اجلاس میں آج کچھ تجاویز زیر غور آئیں جن میں سے کچھ پر فیصلے کیے ہیں۔ تاہم کچھ فیصلے ایسے ہیں جن پر عملدرآمد کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں، پرائمری سرپلس اور سرکلر ڈیٹ کو دیکھ کر کچھ فیصلے کرنا ہوں گے۔ چند گھنٹے میں آئی ایم ایف کو آن بورڈ لے کر بجلی بلز سے متعلق فیصلہ کریں گے۔