نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ شعرو شاعری، موسیقی اور مدھر آواز کے قدردان نکلے، ساتھ ہی کھیل میں بھی کئی مرتبہ دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نگران وزیراعظم انوار الحق کا نام ان چند پاکستانی سیاست دانوں میں شامل ہوتا ہے جو اپنے اکاؤنٹ پر فعال رہتے ہیں۔ انوار الحق کے اکاؤنٹ سے جاری کی جانے والی پوسٹس ان کے موسیقی، شاعری اور کھیل سے لگاؤ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
شعر و شاعری کی بات کی جائے تو نگران وزیراعظم، مومن خان مومن، جون ایلیا، ساغر صدیقی اور حسرت موہانی کے اشعار شیئر کرتے رہے ہیں۔ موسیقی اور ادب سے لگاؤ کا اظہار وہ کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر کرچکے ہیں۔
Simply,Awesome https://t.co/jFUaJunESN
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) March 27, 2023
اسی کے ساتھ انوار الحق کاکڑ موسیقی میں پاکستان کے نامور قوال ایاز فرید کے مداح نظر آتے ہیں جن کی قوالیاں کئی مرتبہ شیئر کرچکے ہیں۔ علاوہ ازیں وہ پشتو موسیقی میں بھی دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔
SubahnAllah https://t.co/gtbsWxikVR
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) November 13, 2022
کھیل کی بات کی جائے تو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کرکٹ کے ساتھ ساتھ فٹ بال میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔ حال ہی میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ایشز سیریز کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے انگلش بلے باز بین اسٹوکس کی کارکردگی پر ان کیلئے تعریفی کلمات کہے تھے۔
He will be remembered for this innings,exquisite https://t.co/VkVnv3xR3o
— Anwaar ul Haq Kakar (@anwaar_kakar) July 2, 2023
خیال رہے کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے اتفاق کے بعد صدر مملکت نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم منظوری دی تھی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب 14 اگست بروز پیر کو ہو گی۔ تقریب میں سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔