یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نگراں وزیراعظم کا نام لسٹ میں ہی نہ ہو، خواجہ آصف


وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے بہت سارے نام آ رہے ہیں، نگراں وزیراعظم ایسا بھی ہوسکتا ہے جس کا لسٹ میں نام نہ ہو۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے نگراں وزیراعظم کے نام سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نگران وزیراعظم بننے کے خواہش مند ہیں، لوگوں کی رالیں ٹپک رہی ہیں۔ میرا اندازہ ہے کہ لوگوں کا خیال ہے نگران حکومت لمبی چلے گی، اسی لیے لوگ اس میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راجہ ریاض قومی اسمبلی میں  قائد حزب اختلاف ہیں اور آئین کے مطابق ان سے مشاورت ضروری ہے جس بغیر کچھ نہیں ہو سکتا۔ ہو سکتا ہے کہ کوئی ایسا شخص نگران وزیراعظم بن جائے جس کا نام فہرست میں شامل ہی نہ ہو۔

نگران وزیراعظم کیلئے جو نام بھیجا وہ معاشی ماہر ہے، راجہ ریاض

وفاقی وزیر نے کہا کہ عام انتخابات میں 2 ڈھائی ماہ سے زیادہ التوا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم سینیٹ الیکشن میں نئی حکومت کے ساتھ جائیں گے۔ الیکشن 2024 کے شروع میں ہو جانے چاہئیں۔

سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی واپسی سے متعلق انہوں نے کہا کہ ستمبر تک نواز شریف کو واپس آجانا چاہیے۔ ستمبر تک عدلیہ کے ساتھ ہماری محاذ آرائی ہے، نہیں چاہتے یہ محاذ آرائی آگے بھی بڑھے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر نگران وزیراعظم کے معاملے پر ڈیڈلاک ہو جاتا ہے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں