اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا، وہ ٹریلر ہی چلا، شیخ رشید


سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگست کا پہلا ہفتہ بہت اہم ہوگا، سیاست کا رخ پتہ چل جائے گا، میں زندہ رہا تو 13 اگست کی رات لال حویلی کے باہر جشنِ آزادی منائیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت 15 ماہ میں ایک تنکا نہیں توڑ سکی، آخری ہفتے میں کون سی تلواریں چلا لیں گے؟ سیاسی شکست اور سیاسی قبرستان ان کا مقدر ہوگا۔

تین اہم کیسز سیاست کا رخ موڑ سکتے ہیں، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید

نگراں وزیراعظم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو جس تیزی سے لانچ کیا تھا، وہ ٹریلر ہی چلا اور فلم سنسر بورڈ نے پاس نہیں کی۔ اب یہ پانچ آدمیوں کے نام جو دے رہے ہیں، یہ نام اتنی آسانی سے سنسر بورڈ میں پاس نہیں ہوں گے۔ راجہ ریاض بھی اپنا کام ڈال سکتے ہیں۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ اگست میں 85 رکنی کابینہ اور ان کے حکمران اپنی اوقات میں آچکے ہوں گے، ستمبر ستمگر ہوگا۔ سیاسی پارٹیاں جو توڑ پھوڑ کے عمل سے دوچار ہونے والی ہیں وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکیں گی۔

نگراں حکومت کے اختیارات، حکومت اتحادیوں کو منانے میں کامیاب

وزیراعظم شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری ہفتے میں شہباز شریف نے افتتاحوں کا جمعہ بازار لگایا ہوا ہے۔ دن میں ایک درجن سے زائد افتتاح کر کے کارکردگی کی جو ایک فوٹو گرافی کی جا رہی ہے، نہ پیسے ہیں نہ وقت، نہ ہی لوگ بے وقوف ہیں، اب لوگوں کو شعور آچکا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ بھائی کو سفارتی پاسپورٹ دلوانے کے باوجود 15 مہینے میں نہیں لاسکے۔ اب خدا جانتا ہے نواز شریف کس حال میں اور کب آئیں گے۔


متعلقہ خبریں