گال میں جاری پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم 312رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکا کی جانب سے نشان اور کروناتنے نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کی وجہ سے اوپننگ بیٹرز جلد پویلین لوٹ گئے۔
نشان صرف 4 رنز اور کروناتنے 29 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بن گئے، ان کے بعد کوشل میڈس بھی زیادہ دیر قدم نہ جما سکے اور 12 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ تھما کر واپس پویلین لوٹ گئے۔
اینگلو میتھیوز اچھا کھیلے اور 64 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے وہ ابرار کا شکار بنے، ان کے علاوہ دنیش چندی مال ایک، سدیرا 36 اور رمیش مینڈس 5 سکور بنا پائے۔
پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر سری لنکا نے 242 رنز بنائے تھے، دوسرے دن کا کھیل کا آغاز رمیش مینڈس اور دھننجیا ڈی سلوا نے کیا لیکن رمیش پانچ رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے، بابر اعظم نے ان کا کیچ تھاما۔
دھننجیا ڈی سلوا نسیم شاہ کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے انہوں نے شاندار 122 رنز بنائے۔
پرابتھ جے سوریا نے چار رنز بنائے اور نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔کاسن راجیتھا نے 8 رنز بنائے اور ابرار احمد کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، وشوا فرنینڈو 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جبکہ آغا سلمان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
دوسری اننگز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اوپننگ کے لئے عبداللہ شفیق اور امام الحق آئے، امام الحق ایک رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 3 تھا۔
عبداللہ شفیق کی دوسری وکٹ پاکستان کے مجموعی سکور 47 پر گری انہوں نے 19 رنز بنائے اور ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کا مجموعی سکور 67 پر پہنچا تو شان مسعود بھی آؤٹ ہو گئے انہوں نے 39 رنز بنائے اور مینڈس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم نے 13 رنز بنائے اور جے سوریا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کا مجموعی سکور 101 ہوا تو پاکستان کی پانچویں وکٹ گر گئی، سرفراز احمد نے 17 رنز بنائے انہیں جے سوریا نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔
چائے کے وقفے تک پاکستانی ٹیم نے 132 رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے، بارش کی وجہ سے دوسرے دن کا کھیل روک دیا گیا۔ بارش رکنے کے بعد ٹیسٹ میچ دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔