جس روز اسمبلیاں تحلیل ہوں گی، اُسی صبح نئی سیاست طلوع ہوگی، شیخ رشید


سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صرف 30 دن کا کھیل باقی ہے، لوگ ایک مہینہ مہنگائی اور مشکلات کا مزید مقابلہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ‘جس روز اسمبلیاں تحلیل ہوں گی اُسی صبح نئی سیاست طلوع ہوگی۔ زمین پر اکڑ کر چلنے والے چادر اور چار دیواری کو روندنے والے زمین بوس ہو جائیں گے۔ جیل کا گیٹ ٹوٹےگا اور بےگناہ لوگ چھوٹیں گے۔’

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘تین مرتبہ خزانے کو لوٹنے والے اور سر محل بنانے والے ان بے گناہ لوگوں کی جگہ لیں گے۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)، حکومت اور وزیر خزانہ پر اعتبار نہیں کرتا، اسے لیے دوسروں سے شورٹی لینے اُن کے گھر گئے ہیں۔’

ملک سے مڈل کلاس ختم ہو گئی ہے، سابق وزیر داخلہ شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ دس کروڑ لوگ خطے غربت سے نیچے آ گئے ہیں اور دو کروڑ لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ پندرہ مہینے کی حکومت کا یہ کارنامہ ہے۔ صاف اور شفاف الیکشن ہی ملک کو ان مسائل سے نجات دلائیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ تیس دنوں میں پی ڈی ایم میں کھینچا تانی اور رسہ کشی ہوگی جس کے بعد بٹوارا ہوگا۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا، الیکشن کروانے ہوں گے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سیاسی منظر نامے سے غائب ہیں، معلوم نہیں آئی ایم ایف معاہدے کے ساتھ ہیں یا نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دو تہائی اکثریت کے بغیر اسمبلی میں بنائے گئے قانون کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ نواز شریف کی سزا اور اُس کی واپسی بھی دو تہائی کی آئینی ترمیم سے مشروط ہے۔


متعلقہ خبریں