ماہِ رمضان میں عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے پاکستانی کھلاڑی


ماہِ رمضان المبارک میں عمرے کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے، اس رمضان بھی یہ سعادت قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کو نصیب ہوئی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر حارث روف کی جانب سے گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی گئی جس میں انہیں مسجد الحرام میں احرام باندھے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے کئی ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں یہ سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز افتخار احمد بھی کئی تصویروں میں حارث روف کے ہمراہ نظر آئے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمد للہ، رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں عمرہ کرنے کے قابل ہونے پر میں اپنے آپ کو بے حد خوش قسمت سمجھ رہا ہوں۔ اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔

قومی ٹیم کے باولر فہیم اشرف بھی اس وقت سعودی عرب میں عمرے کی ادائیگی کیلئے موجود ہیں۔

دوسری طرف قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے بھی گزشتہ روز تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں وہ مسجد الحرام میں احرام باندھے کھڑے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وہ بارگاہِ خداوندی میں موجود ہیں۔ اسے سے قبل بابر اعظم کی طرف سے مسجد نبوی کی تصاویر بھی شیئر کی گئی تھیں۔


متعلقہ خبریں