ہمارا مقابلہ امریکی غلاموں سے ہے، عمران خان


سیالکوٹ: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ امریکی غلاموں سے ہے۔ نوجوان غور سے سنیں پھر موقع ملے یا نہ ملے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو حقیقی آزادی کے جہاد کے لیے نکلوں گا اور سیالکوٹ سے ہو کر جاؤں گا یا سیالکوٹ مجھ سے ملنے آئے گا۔ پاکستان کے قیام کے وقت لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ سب مل کر پاکستان کو بچائیں گے اور یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہو گی۔ امریکی غلاموں اور چوروں کو ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے جبکہ عمران خان اور قوم پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔ اعظم سواتی کو ان کے بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہم اعظم سواتی پر تشدد کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ امریکی غلاموں سے ہے اب پرانے اور نئے کارکن سب اکٹھے ہو جائیں۔ چوروں کے ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔ عوام کا سمندر اسلام آباد پہنچے گا اور حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔

اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سیالکوٹ میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور امید ہیں۔ نوجوان غور سے سنیں، پتہ نہیں پھر موقع ملے یا نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ دنیا کے عظیم رہنما تھے۔ میں جب تک زندہ ہوں چوروں کا مقابلہ کروں گا اور قوم کو تیار کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے اسمبلی رکنیت سے ہٹانے کا حکم چیلنج کر دیا

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں بڑے چور باہر اور چھوٹے جیلوں میں ہیں، ہمارا ملک پیچھے رہ گیا اور باقی دنیا آگے نکل گئی کیونکہ یہاں انصاف نہیں ہے۔ قومیں وہ اوپر جاتی ہیں جو عوام کے لیے تعلیم بہتر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زندہ معاشرہ انصاف کے لیے کھڑا ہوتا ہے اور ظلم و نا انصافی کے سامنے کھڑے ہونا ہی جہاد ہے۔ ملک میں بڑا ڈاکو وزیر اعظم بن جاتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں طاقتور کا قانون چلتا ہے اور طاقتور ڈاکے مارتا ہے تو این آر او مل جاتا ہے۔ قوم یاد رکھے گی کہ صحافی ارشد شریف نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ارشد شریف ملک کے لیے جدوجہد کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہر دور میں ظالم سے مقابلے کی روایت رہی ہے اور امریکہ نے چوروں کو پاکستان پر مسلط کیا۔


متعلقہ خبریں