نوازشریف کی کمزوری نہیں اس کی طاقت ہوں، مریم نواز


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ جانتی ہیں کہ انہیں والد کی طرح مقدمہ میں کیوں الجھایا گیا ہے، وہ اپنے والد کی کمزوری نہیں بلکہ ان کی طاقت ہیں۔

منگل کے روز اسلام آباد میں واقعہ پنجاب ہاوس میں کی گئی نیوز کانفرنس میں مریم نواز نے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا اپنا تحریری بیان پڑھ کر سنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ والد کی طرح میں بھی جانتی ہوں کہ اس مقدمے میں کیوں الجھایا گیا، مجھے کیوں وٹس ایپ کالز والی جے آئی ٹی کے سامنے بلاجواز پیش ہونا پڑا، میں جانتی ہوں کہ یہ ریفرنسز کیوں قائم کیے گئے، میں جانتی ہوں کہ کیوں 70 پیشیاں بھگتنا پڑیں۔ مجھے معلوم ہے کہ مجھے کینسر میں مبتلا ماں سے کیوں دوررکھا گیا، میں جانتی ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی خاتون نے اتنی پیشیاں نہیں بھگتیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میراقصور یہ نہیں کہ میں نے کوئی بدعنوانی نہیں کی، میں کسی کرپشن میں ملوث نہیں ہوئی، میں نے کوئی چوری، ڈاکہ مارا نہ بدعنوانی کی، میں کبھی کسی سرکاری عہدے پر نہیں رہی بلکہ میرا قصور ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، میرا قصور ہے کہ میری رگوں میں نوازشریف کا خون ہے، میرا قصور ہے کہ میں قابل فخر بیٹیوں کی طرح ڈٹ کرکھڑی ہوں، میرا قصور ہے کہ میں اپنے باپ کو حق پر سمجھتی ہوں، میرا قصور ہے کہ اپنے باپ کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہوں۔

سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے احتساب عدالت میں دائر ریفرنسز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان ریفرنسز کا مقصد میرے والد کے اعصاب پر دباؤ ڈالنا ہے۔ منصوبہ ساز جانتے ہیں کہ باپ بیٹی کا رشتہ کتنا نازک ہے۔ ان کا خیال تھا کہ کسی دباؤ میں نہ آنے والا نواز شریف، ہر جبر کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہونے والا نوازشریف ایک طریقے سے جھک سکتا ہے کہ اس کی بیٹی پر مقدمہ بناؤ، اس کی بیٹی کو جے آئی ٹی کے سامنے لاٶ۔

مبینہ منصوبہ سازوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کا خیال تھا نوازشریف محبت کرنے والا روایتی باپ ہے، کسی دباؤ میں نہ آنے والا نوازشریف بیٹی کو کٹہرے میں دیکھے گا تو نوازشریف کے اعصاب جواب دے دیں گے، نوازشریف گردن جھکا دے گا لیکن ایسے سوچنے والے نوازشریف کو نہیں جانتے۔

اپنے والد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا باپ ستر سال کی بیماریوں کے خلاف علم جہاد لے کرنکلا ہے، نوازشریف عوام کی حاکمیت کا جھنڈا لیکرنکلا ہے، وہ ووٹ کو عزت دو کا پرچم لیکر نکلا ہے نا کہ کرسی اقتدار کے لیے نکلا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ پریقین رکھنے والا ہرشخص نوازشریف کے ساتھ کھڑا ہے، میں اس جہاد میں نوازشریف کےساتھ کھڑی ہوں۔ اس پاکستان کی بیٹی ہوں جسے دنیا میں تماشہ بنادیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کہا جاتا ہے کہ بیٹیاں سب کی سانجھی ہوتی ہیں لیکن آج سب کچھ بغض وعناد کی نظر ہوگیا سب کچھ انتقام کی بھینٹ چڑھ گیا
آج بیٹیاں سانجھی نہیں رہی آج کا دستور ہے کہ بیٹی کو باپ کی سب سے بڑی کمزوری بناکراستعمال کرو۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبہ بنانے والوں یاد رکھو میں نوازشریف کی کمزوری نہیں اسکی طاقت ہوں میں نوازشریف اورپاکستان کی بیٹی ہوں۔


متعلقہ خبریں