صدر مملکت اور وزیر اعظم کی جانب سے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش


 صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم عاشورہ پر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےیوم عاشورہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول امام حسینؓ نے کربلا میں حق کی خاطر اپنا سر کٹوا دیا مگرباطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے۔آج کے دن حضرت امام حسینؓ نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کیا ۔حضرت امام حسینؓ نے دین کی سر بلندی،حق و صداقت کی خاطر اہل بیت،جانثار ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہاہے کہ نواسہ رسولﷺنے شجاعت،بہادری اور قربانی کی عظیم الشان مثال قائم کی۔ آج کے دن ہم عہد کریں کہ اسوہ حسینؓ پر عمل پیرا ہونے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا یوم عاشور حق وباطل کے لازوال معرکے کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ کی قیادت میں  جذبہ ایمانی سے سرشار جماعت نے باطل کی اطاعت سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ اہل بیت اوردیگر ساتھیوں کے ہمراہ حضرت امام حسینؓ نےاپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کو جلا ء بخشی۔یہ جماعت حق کی سر بلندی کے لیے اپنے سے بظاہر طاقتور گروہ کے سامنے سینہ سپر ہو گئی۔

ان کا کہنا ہے کہ آج اسلام انہیں قربانیوں کی بدولت زندہ ہے۔اللہ تعالیٰ پاکستان اور پاکستانی قوم کو خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے۔


متعلقہ خبریں