امریکہ ہمیں تمہاری معافی کی کوئی ضرورت نہیں، عمران خان


چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ امریکہ ہمیں تمہاری معافی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں میرے تمام لوگوں کو اسلام آباد آنے کے لیے تیار کیا جائے اور حقیقی آزادی کے لیے 30 لاکھ لوگ اسلام آباد آئیں گے۔ ہم نے اس سازش کو ناکام کرنا ہے اور ہم نے اس ملک میں الیکشن کروانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے بیرونی طاقتوں کے غلام ہمارے ملک کے لیڈر نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف میر جعفر ہے اور اس کے اوپر 40 ارب کی کرپشن کے کیسز ہیں۔ ان کو اسی لیے وزیر اعظم بنایا گیا کیوں کہ ان کا پیسا ملک سے باہر پڑا ہے اور جس کا پیسا ملک سے باہر پڑا ہو وہ کبھی بھی سامراج کے خلاف نہیں بول سکتا۔ ان کی کرپشن پر وائٹ پیپر عوام کے سامنے پیش کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: چاہوں تو شیخ رشید اور انکے ساتھیوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوجائے، وزیر داخلہ

عمران خان نے کہا کہ یہ قوم فیصلہ کرے گی کہ ہم نے آزاد ملک بن کر رہنا ہے یا غلام۔ 30 سالوں سے یہ مافیا کام کر رہا ہے، یہ مافیا لوگوں کی کردار کشی کرتے ہیں اور ڈراتے دھمکاتے ہیں۔ انہوں نے بینظیر کی فیک تصویریں پھنکوائی اور انہوں نے ایک خاتون کو پیسے دے کر 2018 میں کتاب لکھوائی اور عید کے بعد پھر یہ اسی طرح کی حرکت کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پھر یہ میری کردار کشی کرنے کی کوشش کریں گے لیکن میں جب تک زندہ ہوں ان کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔ اسلام آباد کا مارچ فیصلہ کرے گا کہ ملک نے کس طرف جانا ہے۔ ہم زبان سے ان کے خلاف جہاد کریں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے 22 کروڑ لوگوں کی توہین کی گئی اور ہمارے اوپر بوٹ پالشی کو بٹھا دیا گیا۔ امریکہ ہمیں تمہاری معافی کی کوئی ضرورت نہیں۔


متعلقہ خبریں