بلوچستان عوامی پارٹی کے 4 ارکان کا اپوزیشن کی حمایت کا اعلان


بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے چار ارکان نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور باپ پارٹی کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے 4 ایم این ایز کے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باپ نے بطور جماعت یہ فیصلہ کیا ہے، انہیں یقین دلاتے ہیں بلوچستان کے مسائل کے لئے ان کے ساتھ کام کریں گے۔ ان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔

اس موقع پر شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا کہ بلوچستان کی ہم پر بڑی مہربانی ہے۔ یہ میرے پاس آئے اور ہم نے ان سے ڈائیلاگ شروع کیا۔ بلوچستان ہے تو پاکستان ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد شہباز شریف کو وزیر اعظم بنائیں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن کا ساتھ دینے کے معاملے پر بلوچستان عوامی پارٹی میں بھی پھوٹ پڑ گئی ہے ، چار ارکان اپوزیشن جب کہ ایک حکومت کے ساتھ ہے۔


متعلقہ خبریں