حکومت پر جمہوری حملہ کرنے اسلام آباد آ رہے ہیں، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم اسلام آباد آ رہے ہیں اور ہم نے حکومت پر جمہوری حملہ کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے اسلام آباد تک احتجاجی مہم چلانی ہے اور 37 شہروں سے ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے۔ 3 مارچ سے رحیم یار خان، بہاولپور سے ہوتے ہوئے ملتان پہنچیں گے اور پھر 4 مارچ کو ملتان سے روانہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 مارچ کو ہم لاہور پہنچیں گے اور پھر 8 مارچ کو راولپنڈی سے اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم استعفیٰ دے یں تو عدم اعتماد اور لانگ مارچ کی ضرورت نہیں ہو گی۔ پاکستان میں جمہوریت کا جنازہ نکالا گیا اور معیشت کو تباہ کر دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حقوق پر ڈاکے ڈالے گئے ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی اور ہم چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں کو ان کا حق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے جبکہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا اور دھوکا نکلا۔ حکومت اور نظام غیر جمہوری ہے لیکن ہم جمہوری راستہ اپنائیں گے اور ہمارا عوامی مارچ غیر جمہوری حکومت پر جمہوری حملہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کا سلیکٹڈ وزیر اعظم سے اعتماد اٹھ چکا ہے اور پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ حکومت کی نالائقی کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہے ہیں جبکہ بجلی، گیس، پیٹرول اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد لا کر چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں اور عمران خان کو ہٹانے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئے گا شفاف انتخابات اس کی ذمہ داری ہو گی۔ ہر سیاسی پارٹی چاہتی ہے کہ نئے مینڈیٹ کے تحت ذمہ داری سونپی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عدم اعتماد کی تحریک کا اصولی فیصلہ کر چکے ہیں، شہباز شریف

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر نے ایک رپورٹ تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح انتخابات میں دھاندلی کی گئی۔ اگر الیکشن کمیشن نے ہمارے تحفظات کو دور نہ کیا تو رپورٹ سامنے لانے کے لیے دوسرے فورم استعمال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، بزرگوں، کسانوں اور طلبا سے اپیل کرتا ہوں کہ حکومت کے خلاف مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔ ہماری نیت صاف ہے اور ہمارے پاس تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ حکومت نے ساڑھے 3 سال کے دوران تبدیلی کے نام پر تباہی مچائی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد صاف اور شفاف انتخابات کرائے جائیں کیونکہ عمران خان اب بھی دھاندلی کرنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیکا آرڈیننس اور ای وی ایم کا معاملہ سب کے سامنے ہے جبکہ پی ڈی ایم اور ہماری جماعت میں ایشوز پر بات چیت جاری ہے۔ عدم اعتماد سے متعلق تمام پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے اور اس وقت ہمارا فوکس صرف عمران خان ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی سیاست اور جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے مطالبہ ہے کہ وہ غیرجانبدار رہیں اور اگر اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار رہی تو عمران خان اعتماد نہیں جیت سکیں گے۔ آئین اور قانون کے مطابق سب کو غیر جانبدار رہنا چاہیے۔ نالائق وزیر اعظم کو گھر بھیجنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی استعفوں پر یقین نہیں رکھتی، حکومت کے لیے کوئی خالی میدان نہیں چھوڑنا چاہتے۔ عمران خان کی خارجہ پالیسی ہر سطح پر ناکام رہی۔


متعلقہ خبریں