پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست تو دے دی مگر کیا اب چیئرمین پی سی بی کو بلینک چیک ملے گا؟
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجہ نے سینیٹر رضا ربانی کی صدارت میں سینیٹ کی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کو بتایا تھا کہ انہیں ایک انویسٹر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے پر پی سی بی کو بلینک چیک دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بڑا کپ، بڑا میچ، یک طرفہ مقابلہ، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی
پاکستان کرکٹ ٹیم نے تو نہ صرف شکست دی بلکہ بھارت کو 10 وکٹوں سے ہرا کردھول چٹا دی، پھر نیوزی لینڈ کو ہرایا اور کرکٹ کے سب سے بڑے میلے میں اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو اس انویسٹر سے بلینک چیک کب ملتا ہے؟ آیا وہ چیک انہی دنوں ملے گا یا پھر ورلڈ کپ کے ختم ہونے کا انتظار کیا جائے گا۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کو یکے بعد دیگرے ہرانے کے بعد پاکستان کی ٹیم اس وقت موسٹ فیورٹ قرار دی جا رہی ہے۔
یقینی طور پر انویسٹرز کی نظریں بھی پاکستان ٹیم پر لگی ہوئی ہیں، امید ہے کہ رمیزراجہ کو ملنے والے چیک پردستخط ہو چکے ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے ایسے موقع پر بریفنگ دی تھی جب نیوزی لینڈ نے میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیزراجہ نے پاکستان میں کرکٹ کی صورتحال پر کھل کر باتیں کیں اور کہا تھا کہ پچز ٹھیک ہیں نہ کوچنگ، ان کی نیندیں اڑ گئیں،کرکٹ بورڈ میں پیسہ صفر اور گالیاں زیادہ ہیں۔
رمیز راجہ نے بتایا تھا کہ ہم اپنی کرکٹ کو بیچنے کی کوشش کرتے ہیں،اپنے پیروں پرکھڑا ہونا ہوگا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو 90 فیصد فنڈنگ بھارت سے آتی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ 50 فیصد آئی سی سی کی فنڈنگ پر چلتا ہے۔
اگر بھارت کا وزیراعظم آئی سی سی کی فنڈنگ روک دے تو پاکستان کی کرکٹ ختم ہو جائے گی۔
انویسٹرنےکہا کہ بھارت سےمیچ جیت جائیں توبلینک چیک تیارپڑا ہے،ایشین بلاک بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،جلد بہتری نظرآئے گی اورورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ورلڈ کپ کے بعد ویسٹ انڈیز، سری لنکا، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا سے بھی سیریز کھیلنی ہیں اور یقینی طور پر یہ بلینک چیک تب کیش ہو جائے گا۔