اداکارماجد جہانگیرکی صدر اور وزیراعظم سے امداد کی اپیل


پی ٹی وی کے کلاسک ڈرامہ سیریل ففٹی ففٹی سے مشہور ہونے والے اداکار ماجد جہانگیرکسمپرسی کی حالت میں بے یارو مددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

پاکستان کے معروف اداکار ماجد جہانگیر نے صدر اور وزیراعظم پاکستان سے مالی امداد کی اپیل کردی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف حکومت نے میری امداد کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیاز تو دیاگیا لیکن میری مالی امداد نہیں کی گئی۔ میں نے 50 سال ٹی وی کےلیے خدمات سرانجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ میری ادویات،علاج، بلز اور دیگراخراجات زیادہ ہیں۔ مجھے 11زبانیں آتی ہیں اورسندھی زبان میں بہت ڈرامے کیے۔ حکومت میری دادرسی کرے اور مالی تعاون فراہم کرے۔

ماجد جہانگیرنے چار پاکستانی فلموں اور پینتیس سے زائد اسٹیج شوز اور ریڈیو ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ماجد جہانگیر گزشتہ کئی سالوں سے فالج کے مرض میں مبتلا ہیں۔ فالج کے مرض کی وجہ سے وہ کچھ کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

وہ لاہور کی نجی سوسائٹی کی جانب سے دیئے گئے ڈھائی مرلے کے گھر میں رہتے ہیں۔ ماجد جہانگیر کی شریک حیات کا دو سال قبل انتقال ہو گیا۔

انہوں نے گزشتہ کچھ عرصہ قبل دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کا کوئی ذریعہ آمدنی نہیں ہے اوران کے پڑوسی ان کے کھانے پینے کا خیال رکھتے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں