جرمنی کے علاقے میونسٹرلانڈ میں ایسے خاص لوگوں کے لیے جوتے تیار کیے جاتے ہیں جن کے پاوں نارمل سے بڑے ہوتے ہیں اور عام دکانوں سے ان کے سائز کے جوتے بننا مشکل ہوتے ہیں۔
جرمنی کے اس موچی نے جوتوں کے حوالے سے کئی عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر رکھے ہیں۔
گیورک ویسلز نامی آرٹسٹ نے رواں برس مئی میں جنوبی امریکا جا کر17 سالہ لڑکے کے پاؤں کا سائز لیا ، اور دنیا کے سب سے بڑے پیروں کے لیے جوتے تیار کرنے کے مشن پر لگ گیا۔
لاطینی امریکی ملک وینزویلا کے شہر کراکس کے مضافات میں رہنے والے اس لڑکے کے جوتوں کا سائز 66 نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوجوان کو ایکرومیگلی نامی بیماری ہے۔ جو پیٹیوٹری غدود کا ایک ایسا کینسر ہے، جس میں پاؤں اور ہاتھ غیرمعمولی طور پر بڑھنا شروع ہو جاتے ہیں۔
سائز نہ ملنے کے باعث نوجوان جیسن روڈریگوئز نے گزشتہ دس برسوں سے جوتے پہنے ہی نہیں۔ ریکارڈ کے مطابق ابھی تک دنیا میں کوئی ایسا شخص نہیں ہے، جس کے پاؤں 44 سینٹی میٹر لمبے ہوں۔