محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
بنوں میں شدید آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور بارش کے دوران دیواریں، مکانات اور دکانیں گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بارش اور آندھی سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج پھر ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مطلع جزوی ابر آلودہے اورآج پھر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج پھر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش ہوگی۔کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج بعد از دوپہر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، بنوں اور میران شاہ میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، چترال، سوات، دیر، کوہستان، شانگلہ اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کا تیل مہنگا ہو گیا
محکمہ موسمیات کے مطابق مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور پاڑاچنار میں بھی آندھی اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز بالاکوٹ میں 4 ملی میٹر اور کاکول میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران کمزور اور خستہ حال عمارتوں اور دیواروں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
