12 سے 18 سال کے نوجوانوں کو عمرے کی اجازت


سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے 12 سے 18 سال کی عمر کے سعودی شہریوں کو عمرہ کی اجازت دے دی ہے۔

تاہم نوجوانوں کو کورونا کی دونوں خوراکیں لگوانا ضروری ہوں گی۔ دو خوراکیں لگوانے والے اس عمر کے 13 ہزار افراد کو عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسول پر حاضری کا اجازت نامہ جاری کیا جا چکا ہے۔

سعودی عرب کے نائب وزیر حج ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے بتایا ہے کہ عمرہ کے اجازت نامے’اعتمرنا‘ اور ’توکلنا‘ ایپس کے ذریعے رجسٹریشن کے بعد جاری کیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں بھی کورونا کی نئی پابندیاں لگ گئیں

اس کے ساتھ عمرہ زائرین کے لیے وبا کے دنوں میں اختیار کیے گئے صحت کے پروٹوکول پر سختی کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب سے باہر سے عمرہ زائرین کو اجازت دینے کے لیے مسجد الحرام میں تنظیمی طریقہ کار مکمل کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مقدس مقامات پر داخلے، باہر نکلنے، طواف اور سعی کے لیے خصوصی راستے تیار کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں