ڈرونز نکالیں گے تو دنیا امریکی ایف 35 طیارے بھول جائے گی، ترک وزیر

ڈرونز نکالیں گے تو دنیا امریکی ایف 35 طیارے بھول جائے گی، ترک وزیر

انقرہ: ترک وزیر مصطفیٰ وارانک نے کہا ہے کہ ہم جب ڈرونز میدان جنگ میں نکالیں گے تو دنیا امریکہ کے ایف 35 طیاروں کو بھول جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکی کے وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مصطفیٰ وارانک نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترک ڈرونز کی تیاری میں وسیع پیمانے کی سرمایہ کاری کرنے والے چند مماک میں سے ایک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے ڈرونز کو عالمی سطح پر میدان جنگ میں نکالیں گے تو یقین کریں پوری دنیا ایف 35 لڑاکا طیاروں کے بجائے ترکش ڈرونز کا ذکر کرے گی۔

ترکی کے رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 7 فیصد کی شرح سے ترقی کرتے ہوئے جی 20 ممالک کے درمیان سب سے زیادہ ترقی کرنے والے ممالک میں سے ایک ہونے کی یاد دہانی کرانے والے وارانک کا کہنا ہے کہ پیداوار صنعت نے اس شرح نمو میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر نے چینی ایپس کیخلاف حکم نامہ واپس لے لیا

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی میں لیڈر ملک کی حیثیت حاصل کرنے کے لیے ہم نے ہر شعبے میں پیشرفت کی ہے اور آج ترک انجینئروں کے مرہون منت مسلح ڈرونز یورپی آسمانوں پر پرواز کرنے کے دن گن رہے ہیں۔

ترک وزیر صنعت نے کہا کہ مجھ سے مسلسل ایف 35 کے بارے میں دریافت کیا جاتا ہے، یہ ایک کامیاب طیارہ ہے لیکن ہم ترک جنگی طیاروں کے منصوبے پر بھی عمل پیرا ہیں اور ڈرونز کی تیاری پر مرکوز ہیں، ہم عنقریب دنیا بھر میں اس شعبے میں لیڈر ہوں گے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں