پاکستان، بھارت، بنگلہ دیشی مسافروں کے عمان میں داخلے پر پابندی

فائل فوٹو


مسقط: عمان نے کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کے مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان میں مسافروں کے داخلے پر پابندی عمان کی کورونا وائرس کے سدباب کے لیے کام کرنے والی سپریم کمیٹی نے عائد کی۔

کمیٹی نے ان ممالک کا گذشتہ 14 روز میں سفر کرنے والوں پر بھی سلطنت میں داخلے کی پابندی عائد کی ہے۔ مسافروں کے داخلے پر پابندی کا اطلاق 24 اپریل کی شام مقامی وقت کے مطابق 6 بجے سے ہو گا اور یہ پابندی اگلے اعلان تک جاری رہے گی۔

یہ تینوں ممالک ان ممالک کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں، جن کے افراد کو عمان آنے کی اجازت نہیں ہے۔ سپریم کمیٹی نے یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا ہے تاہم عمانی شہری، سفارت کار، طبی عملے اور ان کے خاندانوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔

جن گروہوں کو استثنیٰ حاصل ہے انہیں عمان میں داخل ہونے کے بعد کورونا ضوابط سے گزرنا پڑے گا۔ اس کے علاوہ کمیٹی نے کمرشل کمپلیکسز اور دیگر تجارتی مقامات میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے علاوہ کمرشل کمپلیکسز، کمرشل آؤٹ لیٹس اور ریستوران کو کاہگوں کی آمد کو محدود کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ صرف 50 فیصد کاہگوں کو آنے کی اجازت دیں۔ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں