میں نے قانون کی خلاف ورزی نہیں کی، علی امین گنڈا پور


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ میں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ یہ میری زمین، میری اپنی گاڑی اور میرا اپنا بیٹا ہے، ٹریفک قوانین صرف سڑک، شاہراہ یا موٹروے پر لاگو ہوتے ہیں اس لیے میں نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی آبائی زمین پر تھے اور لوگوں کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

سابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس موٹروے ذوالفقار چیمہ نے علی امین گنڈا پور کی اس منطق کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گاڑی صرف وہی چلا سکتا ہے جو کے پاس لائسنس ہو، وزیر کے انداز سے تکبر جھلکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈا پور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں ان کا کم عمر بیٹا گاڑی چلا رہا تھا اور ساتھ والی نشست پر وفاقی وزیر خود بیٹھے تھے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں