الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 48 نئے اراکین سینیٹ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب سینیٹر یوسف رضاگیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کی نو منتخب سینیٹر فوزیہ ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے کامیاب سینیٹر فیصل واوَڈا کی کامیابی کانوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن گردیپ سنگھ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن میں ہمارے 16 لوگ بکے ہیں، وزیراعظم
الیکشن کمیشن نے سندھ سے سینیٹر شیری رحمان ،سینیٹر فیصل سبزواری ،سینیٹر سلیم مانڈوی والا، تاج حیدر، شہادت اعوان اور جام مہتاب ڈہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کیمشن نے خیبر پختونخوا سے خواتین نشست کیلیے ثانیہ نشتر اور فلک ناز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے دوست محمد خان، ہمایوں مہمند، ہدایت اللہ خان، فیصل سلیم رحمان، عطا الرحمان، ذیشان خانزادہ، محسن عزیز، لیاقت ترکئی اور شبلی فراز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو طلب کر لیا۔
الیکشن کمیشن میں درخواست گزار عالیہ حمزہ کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ٹربیونل میں کئی کئی سال کیسز چلتے ہیں لیکن فیصلہ نہیں ہوتا۔ مریم نواز اور امیدوار کے بیٹے کا اعترافی بیان قوم نے سنا ہے۔
اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف ہم اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کریں گے۔ آج عمران خان کے موقف کی جیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئینی اداروں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اور ہم قانونی چارہ جوئی کے لیے ہر فورم پر جائیں گے۔ جو شخص ووٹ چوری کر کے ایوان آئے وہ ایوان کو آلودہ کر دے گا۔