اوپن بیلٹ سے حزب اختلاف کی اصلیت سامنے آ جائے گی، وزیر خارجہ

اوپن بیلٹ سے حزب اختلاف کی اصلیت سامنے آ جائے گی، وزیر خارجہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف والے خریدوفروخت کے عادی ہیں اور اوپن بیلٹ سے ان کی اصلیت سامنے آ جائے گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہو گیا ہم حزب اختلاف کو اجلاس کی کارروائی بلڈوز نہیں کرنے دیں گے۔ حزب اختلاف کا ایسا رویہ ہو گا تو کوئی بھی بات نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف والوں میں سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے ہماری بات پر آپ روایات بھول جاتے ہیں اور اپنی بات منوا کر رہتے ہیں۔ بہت ہوگیا اب یہ رویہ مزید برداشت نہیں ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سینیٹ انتخاب اوپن بیلٹ سے کرانے کے پیچھے ایک وجہ ہے۔ حزب اختلاف کو اسمبلی روایات کا خیال نہیں اور کوئی تمیز نہیں۔ حزب اختلاف اگر بات کرنا چاہتی ہے تو بات سننا بھی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ راجہ پرویز اشرف دہرے معیار کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور یہ وکٹ کے دونوں اطراف کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔ مراد سعید بات کرے تو واک آؤٹ کر جاتے ہیں راجہ پرویز اشرف کو کہا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم اہم معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دے دی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قوم دیکھ رہی احتجاج کرنے والوں نے گرگٹ کی طرح رنگ بدلا ہے۔ حزب اختلاف والے خرید و فروخت کے عادی ہیں۔ اوپن بیلٹ سے ان کی اصلیت سامنے آ جائے گی ایسے لوگ سینیٹ میں خرید و فروخت کے عمل کا حصہ بنتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بل میں صاف شفاف انتخابات کے ان نام نہاد دعوے داروں کو بے نقاب کیا گیا۔ عوام نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا اور ہم نے عوام کے اس اعتماد کو برقرار رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس نے اسٹیل مل بند کرنے کا حکم دینے کا عندیہ دے دیا

وزیر خارجہ نے کہا کہ حزب اختلاف جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے جبکہ چور اپوزیشن کی اصلیت مینار پاکستان جلسے کے دوران سامنے آگئی تھی۔ قوم دیکھ رہی ہے صادق اورامین کون اور کرپشن کا دفاع کرنے والے کون ہیں۔ یہ تو استعفے دینے والے تھے پھر راتوں رات پتا نہیں کیا ہوا۔ سنا ہے کہ پیپلزپارٹی والے ایک سابق وزیراعظم کو سینیٹ میں لانا چاہتے ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران حزب اختلاف کے شورشرابے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی غصہ آگیا اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے گرما گرمی ہو گئی۔


متعلقہ خبریں