جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، مریم نواز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ  13 دسمبر کو آر یا پار ہوگا، لاہور بتا دے گا جعلی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں۔

لاہور کے علاقے داروغہ والا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور جلسے کیلئے کرسی اور کنٹینر نہیں دیں گے۔ ن لیگی کارکنوں کو جلسے کیلئے کرسیوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ملتان والوں نے اجازت نہ ملنے پر سڑک پر جلسہ کیا۔ لاہور تو پھر لاہور ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں۔ کارکنوں نے آج ہی لاہور جلسے کا آغاز کردیا۔ عمران خان کو معلوم ہے کہ لاہورجلسہ رکے گا بھی نہیں۔

ن لیگی رہنما مریم نواز نے کہا کہ لاہور کے لوگوں کوخود جلسے کی دعوت دے رہی ہوں۔ 13 دسمبر کو لاہور فیصلہ کردے گا۔ لاہور بولتا ہے تو پاکستان بولتا ہے۔مجھے لاہور والوں سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا تو پھر تابعداری کا کیا فائدہ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نےکہا کہ وزیر اعظم صرف تابعداری کریں اور کام نہ کریں تو عوام کا کیا حال ہو گا ؟ لیکن اگرعوامی مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا تو پھر تابعداری کا کیا فائدہ ؟

یہ بھی پڑھیں: منشیات کے خاتمے کیلئے مہم چلائیں گے، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف مہم شروع ہو چکی ہے اور مریم نواز آج لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گی جبکہ مریم نواز 13 دسمبر جلسے کے لیے لاہور کے شہریوں سے بھی ملیں گی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم نواز پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسے کے لیے شہریوں کو براہ راست دعوت دیں گی۔ مریم نواز کی قیادت میں ریلی کے لیے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ریلی قائد اعظم انٹر چینج سے شروع ہو گی۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں منشیات فروشی کے خلاف کام کرنا ہو گا۔ اس سے قبل منشیات کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ 80 کی دہائی میں جس نے منشیات سے پیسہ بنایا اس کو غلط سمجھا ہی نہیں گیا اور منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے معاشرے اور ملک کو نقصان پہنچایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات سے پیسہ بنانے والوں نے پیسہ رشوت، انتخابی مہم اور مجرموں کو پناہ دینے میں استعمال کیا۔ معاشرے میں منشیات ناسور ہے اور اس کا نقصان گھر سے لے کر ملک تک جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں