لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت انسانی جانوں سے کھیلنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں جلسوں کا رتی بھر بھی جواز نہیں ہے مگر سیاسی مفادات کیلئے اپوزیشن نے قومی مفاد کو پس پشت ڈال دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کردیا
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن قومی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے سے قاصر ہے، حکومت کورونا وائرس کی دوسری لہر کو روکنے کیلئے کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غیرفطری اتحاد اپنے منطقی انجام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی تمام سیاسی جماعتیں آج ملتان میں عوامی طاقت کا مظاہر کریں گی۔ اپوزیشن نے ہر صورت قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے کہ جبکہ قاسم باغ اسٹیڈیم کا مکمل کنٹرول ضلعی انتظامیہ کے پاس ہے۔
پنجاب حکومت نے قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ جانے والے تمام راستے بند کر دیے ہیں۔
ملتان میں سیاسی پارہ گزشتہ3 دن سے مسلسل بڑھ رہا ہے اورعلی قاسم گیلانی سمیت درجنوں کارکن گرفتار ہیں۔
ابھی تک قاسم باغ میں اسٹیج نہیں لگ سکا اور نہ ہی کرسیاں پہنچ سکیں۔ اسٹیڈیم سے پی ڈی ایم جماعتوں کے جھنڈے اور بینرز بھی اتار دئیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کا عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والے اراکین کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک کو آنے والے تمام راستے بند کردیئے گئے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کا پہرہ بھی سخت کردیا گیا ہے۔ قاسم باغ اسٹیڈیم کو تالے لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک میں پولیس اور لیگی کارکن آمنے سامنے آگئے۔ راناثنا اللہ پولیس کے ہاتھ نہ آئے۔ مگر متعدد کارکنوں کو دھر لیا گیا۔ شہر کے مرکزی چوک کو آنے والے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی رہنما علی قاسم گیلانی درجنوں کرکنوں سمیت پولیس کی تحویل میں ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چاروں بیٹوں کے خلاف مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔