اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومت اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت حکومت اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس آج 3 بجے اسلام آباد میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ جسلہ: پی ڈی ایم کا پہلا پاور شو آج ہوگا
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا ہے جب اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کا پہلا جلسہ آج پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ میں ہونے جارہا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ حزب اختلاف کے رہنما اپنی کرپشن بچانے کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن رہنما جو چاہیں مرضی کرلیں، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔
پنجاب حکومت نے بھی کابینہ کی سب کمیٹی برائے قانون کی میٹنگ بلا لی ہے جس میں اپوزیشن کے گرفتار ارکان اور جلسے پر اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ آج گوجرانوالہ میں ہوگا جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کی قیادت کے ساتھ پلان فائنل کرلیا۔ حزب اختلاف کا کہنا ہے کارکنوں کو روکا گیا تو حالات خراب ہونے کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کا جلسہ: بغیر ماسک اور سینیٹائزر جلسہ گاہ میں جانے پر پابندی
ن لیگ کی نائب صدرمریم نواز اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان قافلوں کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچیں گے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لالہ موسیٰ سے ریلی کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
جاتی امرا کے باہر ن لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہوگئی ہے اور بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا ہے۔
جلسہ دوپہر تین بجے شروع ہوگا اور رات بارہ بجے تک اسے ختم کرنا ہوگا۔