اسلام آباد: حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین میں ترمیمی بل کا مسودہ تیارکرلیا.
مجوزہ ترمیمی مسودے کے مطابق نیب آرڈیننس کے سیکشن6 سے ناقابل توسیع کا لفظ نکالاجائیگا۔
نئی ترمیم کےمطابق چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کی جاسکے گی۔ ڈپٹی چیئرمین نیب اورپراسیکیوٹرجنرل نیب کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کی جاسکےگی۔
مسودہ کے مطابق سیکشن7 اور 8 میں مدت ملازمت میں ناقابل توسیع کا لفظ نکال دیاجائے گا۔ ترامیم کے تحت وفاقی اورصوبائی ٹیکس اورلیوی کےمعاملات نیب کےاختیارمیں نہیں رہیں گے۔
مسودے کے مطابق ٹیکس سے متعلق انکوائریز کے اختیارات متعلقہ حکام اور وزارتوں کے حوالے کیے جائینگے۔ ٹیکس اورلیوی کے معاملات نیب عدالتوں سے فوجداری عدالتوں کومنتقل کردیے جائینگے۔
مزید پڑھیں: کرپشن مقدمات میں 30 دن میں فیصلہ ممکن نہیں ہوسکتا، چیئرمین نیب
مسودے کے مطابق ٹیکس اورلیوی کےمعاملات کے لین دین کا عوامی عہدہ رکھنے والوں سے تعلق نہیں ہوگا۔ مالی فائدہ لینے کے سوا حکومتی منصوبے یا اسکیم میں ضابطے کے نقائص عوامی عہدہ رکھنے والے پرلاگو نہیں ہونگے۔
مسودے کے مطابق رپورٹ دینے پرعوامی عہدہ رکھنے والے کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی، جب تک مالی فائدے کے ثبوت نہ ہوں۔
ذرائع کے مطابق مسودے کی کاپی اپوزیشن جماعتوں کو دے دی گئی ہے۔ مجوزہ مسودہ پارلیمانی کمیٹی برائے قانون سازی کے سامنے پیرکو پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی پارلیمانی کمیٹی برائےقانون سازی کےسربراہ ہیں۔