پسند کی شادی: لڑکے والوں کا لڑکی کے گھر پر حملہ، متعدد افراد زخمی


عارف والا: پنجاب کی تحصیل عارف والا میں تھانہ سٹی پولیس کی حدود میں پسند کی شادی پر لڑکے والوں کے رشتہ داروں نے  لڑکی کے گھر پر دھاوا بول دیا، جس کے بعد محلے مشتاق نگر میدان جنگ بن گیا۔

ہم نیوز کے مطابق  لڑکے والوں کی طرف سے حملہ آوروں نے کلہاڑیوں، ڈنڈوں اور اینٹوں کا آزادانہ استعمال کیا۔ مسلح جھگڑے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جھگڑے کی فوٹیج ہم نیوز نے حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے درجنوں افراد نے لڑکی والوں کے گھر پر حملہ کردیا.

ایس ایچ او سٹی جہانزیب وٹو کا اس حوالہ سے کہنا ہے کہ پہلے لڑکی کے ورثا نے بھی لڑکے کے والدین پر تشدد کیا تھا. تشدد کے معاملات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے. پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا.

مزید پڑھیں: پسند کی شادی کا بھیانک انجام

خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں جنوبی پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں پسند کی شادی  پر غیرت کے نام پرنوجوان جوڑا قتل کردیاگیا تھا۔ ہم نیوز کے مطابق مبینہ طور پر لڑکی کے اہل خانہ نے کلہاڑیوں کے وار کرکے دونوں کو موت کی گھاٹ اتار دیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق شبانہ بی بی اور عبدالستار نے پسند کی شادی کی تھی، جس پر دونوں خاندانوں کے درمیان رنجش پیدا ہوگئی تھی۔ تھانہ کوٹ سمابہ میں دونوں فریقین میں صلح بھی ہوگئی تھی۔

قتل ہونے والے عبدالستار کے اہل خانہ کے مطابق شادی شدہ جوڑا اپنے گھر آگیا تھا،دونوں میاں بیوی گھر میں اکیلے تھے کہ  پندرہ حملہ آوروں نے حملہ کرکے قتل کردیا۔


متعلقہ خبریں