لیہ: ٹڈی دل کے حملے میں فصلوں کو نقصان

لیہ: ٹڈی دل کے حملے میں فصلوں کو نقصان

لیہ: ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں میں کھڑی فصلوں پر حملے کر دیے۔

ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں کا رخ کر لیا۔ لیہ کے نشیبی علاقے کھوکھر والا ، شاہ والا ،بیٹ گجی اوربکھری احمد خان میں ٹڈی دَل کے وار جاری ہیں۔ ٹڈی دل کے حملے میں گندم ، مرچ  اور ٹماٹر کی فصلیں متاثر ہوئیں۔

کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول اور برتن بجا کر ٹڈی کو بھگانے میں مصروف ہیں۔

گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ٹڈی دل کے حملے میں فصلیں تباہ ہو گئیں۔

بارکھان کی فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے میں کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مرچ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

محکمہ زراعت کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں اسپرے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

گزشتہ ہفتے سندھ کے ضلع نواب شاہ میں ٹڈی دَل نے فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔ جس کے باعث کپاس، گنا، جوار اور پیاز کی فصل کو نقصان پہنچا۔

نواب شاہ کی تحصیل دوڑ کی یونین کونسل اباوڑی ساوڑی، سھیلو اور سومر جمالی میں ٹڈی دَل نے حملہ کیا تھا۔ جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

کاشتکاروں کا کہنا تھا کہ ٹڈی دَل کے فصلوں پر حملے نے ہمیں پریشان کر دیا ہے۔ حکومت ٹڈی دَل کے خاتمہ کے لیے اسپرے کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کے اختتام اور رواں سال کے شروع میں بھی ٹڈی دل نے ملک کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔

ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کی ہیں۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کےلیے اسپرے والا خصوصی جہاز ترکی سے پاکستان پہنچا، اس کیلئے پاک فضائیہ کا سی ون تھرٹی طیارہ خصوصی جہاز پائپربریو لینے کے لیے ترک شہر ادانا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں چین کا ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے ایک لاکھ بطخیں فراہم کرنے کا فیصلہ

یہ جہاز چار افراد پر مشتمل عملے سمیت پاکستان آیا ہے اور یہاں اسے اسمبل کرنے کے بعد ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔

جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں خصوصا سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں