جودھپور: نایاب کالے ہرن کیس میں سزا پانے والے بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
ضمانت منظور ہو جانے کے بعد بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جودھپور کی جیل میں موجود سلمان خان کو رہا کر دیا جائے گا۔
سلمان خان نے گزشتہ روز اپنی سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی جس پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا تاہم اس سے قبل ہی جج کا تبادلہ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کئے ہیں۔ کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری بھی انہی ججز میں شامل ہیں۔
امکان ظاہر کیا گیا تھا سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانے والے جج کے تبادلے کے باعث اداکار کو مزید کچھ راتیں جیل میں گزارنا پڑ سکتی ہیں۔
جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی تھی۔