پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی کے افغان الزامات مسترد کردیے

پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی کے افغان الزامات مسترد کردیے | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی کے افغان الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے جہازوں نے افغان سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ائیر فورس کی جانب سے افغان حدود کی خلاف ورزی اور حملوں کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ پاکستانی فورسز باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کر رہی ہیں۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ان دہشت گردوں کی پناہ گاہیں افغان سر زمین پر ہیں۔ افغان علاقے سے کئے جانے والے حملوں سے پاکستان کو بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔

ماضی میں ہوئے واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد وہیں موجود ٹھکانوں کو استعمال کرکے پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلات کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی راولپنڈی میں ملاقات ہوئی ہے۔ جمعرات کو ہونے والی اس میٹنگ میں افغانستان کو آگاہ کیا کہ پاکستان اپنی حدود میں آپریشن کررہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف اپنی حدود میں بھرپور کارروائی کرے گا۔

پڑوسی ملک کی حکومت کی جانب سے لگائے گئے حالیہ الزام پر ردعمل دیتے ہوئے دفترخارجہ نے کہا کہ افغان حکومت بلیم گیم سے گریز کرے، ایک دوسرے پر الزامات کے بجائے دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں