بشکیک: کورونا وائرس کے تشویشناک پھیلاؤ کے باعث کرغزستان کی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مساجد کو بند نہیں کیا جائے گا اور روزانہ اذان دی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے نمازیوں کو پانچ وقت کی نماز بھی گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: کے پی، نماز جمعہ کی ادائیگی دو شفٹوں میں کرنے کی اپیل
کرغزستان کی خبر رساں اجنسی کے مطابق نماز جنازہ بھی بہت کم افراد کی موجودگی میں ادا کی جائے گی۔
کرغزستان کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
کرغز وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والے 3 شہریوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 ہزار 987 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس، تقریبات اور اجتماعات پر پابندی
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 422 ہو گئی جبکہ 82 ہزار 462 صحت یاب ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 345 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد اٹلی میں ہلاکتوں کی کل تعداد 2 ہزار 503 ہو گئی اور مزید 3 ہزار 526 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ ایران میں 135 افراد کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 988 ہو گئی اور ایک ہزار 178 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔