برسبین ٹیسٹ، آسٹریلیا کا پلڑا بھاری


برسبین: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 580 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

گابا کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا کو پاکستان پر مجموعی طور پر 340 رنز کی برتری حاصل ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے  لیبوشاگنے نے 185 اور ڈیوڈ وارنر نے 154 رنز کی اننگز کھیلی، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شاہین شاہ اور حارث سہیل نے دو دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرا دن

یاد رہے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز اسکور کئے تھے۔

کینگروز نے پاکستان کے 240 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور جو برنز نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لئے 222 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

خیال رہے پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز سلامی بلے باز اظہر علی اور شان مسعود نے کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لئے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

شان مسعود 27 رنز بنا کر پٹ کمنز کی گیند پر سیکنڈ سلپ میں اسٹیو سمتھ کو کیچ تھما بیٹھے اور اگلے ہی اوور میں کپتان اظہر علی بھی 39 رنز بنا کر ہیزلووڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

سلامی بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حارث سہیل، بابر اعظم  اور افتخار احمد بھی جلد پولین لوٹ گئے۔

اظہر علی الیون نے 39 گیندوں پر 3 رنز بنا کر چار وکٹیں گنوائیں۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق اور یاسر شاہ کے درمیان اچھی شراکت داری قائم ہوئی۔

یاسر شاہ 27 رنز جبکہ اسد شفیق 76 رنز کی بہترین اننگرز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسٹارک نے چار، کمننز نے تین جبکہ ہیزل ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے 16 سالہ نوجوان گیند باز نسیم شاہ آج اپنا پہلا میچ کھیل رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اظہر علی، شان مسعود، حارث سہیل، اسد شفیق، افتخار احمد، رضوان، یاسر شاہ، نسیم شاہ، شاہین شاہ اور عمران خان شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں