نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ

نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کیس میں فیصلہ محفوظ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق وزریراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

پیر کو توہین عدالت درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے کی۔

درخواست گزار مخدوم نیاز انقلابی نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ نواز شریف سپریم کورٹ سے نااہل قرار دئیے جانے کے بعد مسلسل عدالتوں کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں۔۔

دوران سماعت درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو اعلی عدلیہ کی توہین پر نااہل قرار دیا جائے۔ ان کی تقاریر پر آئینی طور پر پابندی لگائی جائے۔ نواز شریف نے ججز کی کردار کشی اپنا وطیرہ بنایا ہوا ہے، وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور ججز کے کے خلاف مسلسل زہر اگل رہے ہیں۔

عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیراعظم عوامی مجالس میں دھمکی آمیز تقاریر بھی کر رہے ہیں، عدالت نواز شریف کو بتائے کہ اسے کیوں نکالا، ان کی جانب سے سپریم کورٹ کےججز کو پی سی او جج قرار دیا جارہا ہے۔

عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر وکیل کی دائر کردہ درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

درخواست میں نواز شریف، سیکریٹری انفارمیشن، چئیرمین پیمرا، اور پریس کونسل آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں