آئی سی سی کی ورلڈکپ ٹیم میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں

آئی سی سی کی ورلڈکپ ٹیم میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں

فوٹو: آئی سی سی


انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ورلڈکپ 2019 کے بعد ٹورنامنٹ کے بہترین 12 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں۔

آئی سی سی نے جن 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ان میں پہلی بار ورلڈکپ کی فاتح ٹیم  انگلینڈ کے چار کھلاڑیوں کو جگہ ملی ہے۔

نیوزی لینڈ کے تین، بھارت اور آسٹریلیا کے دو، دو جب کہ  بنگلہ دیش کا ایک کھلاڑی آئی سی سی کی ٹیم میں شامل ہے۔

ورلڈ کپ کی فاتح انگلینڈ کے بین اسٹوکس، جوفراآرچر، جیسن رائے اور جو روٹ بھی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

آئی سی سی نے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کین ولیم سن کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ ان کے ہم وطن لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ بھی بہترین 12 کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

کین ولیمسن پلیئر آف ٹورنامنٹ بھی قرار پائے اور انہوں نے ورلڈ کپ2019 میں 11 میچز کھیل کر578 اسکور بنائے۔

آسٹریلیا کے ایلیکس کیری اور مچل اسٹارک،  بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن،  بھارت کے روہت شرما اور جسپریت بمراہ بھی ٹیم آف ٹورنامنٹ میں شامل ہیں۔

فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے اپنے شاندار یارکر سے بلے بازوں کو پریشان کیے رکھا اور ٹورنامنٹ میں 27 شکار کیے۔

انگلش ٹیم کے جارح مزاج سلامی بلے باز جیسن روئے نے ورلڈکپ 2019 میں 443 رنز اسکور کئے اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

بہترین 12 کھلاڑیوں پر مشتمل آئی سی سی کی ٹیم میں شامل انگلش بلے باز جو روٹ نے 556 رنز بنائے اوراپنی ٹیم کو پہلی بار ورلڈکپ جتوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

بین اسٹوکس بھی ٹیم آف ٹورنامنٹ میں شامل ہیں جنہوں نے 468 رنز اسکور کیے اور فائنل میں 84 رنز کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔


متعلقہ خبریں