ماہرہ خان، بلال اشرف کی فلم ’سپر اسٹار‘ بڑی عید پر دھوم مچائے گی



کراچی: مومنہ اینڈ دُرید فلمز اور ہم فلمز کی جانب سے اس سال کی سب سے بڑی فلم ’’سپر اسٹار ‘‘ کا پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے جسے ناظرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

یہ فلم ’بن روئے‘ اور ’پرواز ہے جنوں‘ کے بعد پروڈیوسر مومنہ درید کی تیسری فلم ہے۔ ایم اینڈ ڈی فلمز کی جانب سے گزشتہ سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’پرواز ہے جنوں‘ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوب کامیابی حاصل کی تھی۔

’پرواز ہے جنوں‘ عنقریب گزشتہ کئی دہائیوں میں چین میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز بھی حاصل کر لے گی۔

فلم ’سپراسٹار‘ میں بلال اشرف اور ماہرہ خان مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے۔

موشن پوسٹر کے مطابق سپر اسٹار ہم فلمز کے بینر تلے اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر پوری دنیا میں ریلیز کی جائے گی، فلم بین مرکزی کرداروں کو ایک نئے روپ میں دیکھیں گے۔

فلم کے موشن پوسٹر میں عاطف اسلم کی سریلی آواز کی ہلکی سی جھلک بھی دی گئی ہے جو سننے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔

اس فلم کی ہدایات احتشام الدین کی ہے جب کہ اس کا اسکرین پلے اور موسیقی اذان سمیع خان نے تیار کئے ہیں۔ فلم کے ڈائیلاگ علی اور مصطفیٰ آفریدی نے لکھے ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں ندیم بیگ، جاوید شیخ ،مرینہ خان، عاصمہ عباس، سیف حسن، علیزے شاہ، علی کاظمی اور وقارجیسے نامور اداکار بھی شامل ہیں۔

سپر اسٹار میں اداکارہ ہانیہ عامر، سائرہ شہروز، عثمان خالد بٹ اور مانی کی اسپیشل اپیئرنس بھی شامل ہے جبکہ اداکارہ کبریٰ خان کا ایک اسپیشل ڈانس نمبر بھی فلم میں شامل ہے۔


متعلقہ خبریں