اسلام آباد:ملائیشیا سے 320 پاکستانی قیدی خصوصی طیارے کے ذریعے کل پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پرپی آئی اے کا طیارہ پاکستانی قیدیوں کووطن واپس لائے گا۔
ترجمان کے مطابق ملائیشیاکی جیلوں میں متعدد پاکستانی اپنی قید کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔ وزیراعظم نے قیدیوں کو عیدالفطر سے پہلے اہلخانہ کے پاس پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے طابق وزارت خارجہ نے ملائیشیا میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔
واضح رہے پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بھی رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہونے والی بریفنگ میں کہا تھا کہ یو اے ای سے 3500 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 572 قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ رہا ہونے والوں میں ابوظہبی سے 262 ، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی شامل ہیں۔
اسی بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ امریکہ سے 50 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا تھا کہ ڈی پورٹ ہونا پاک امریکہ تعلقات کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی جیلوں میں قید پاکستان کے 572 قیدیوں کی رہائی پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان اور ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
عمران خان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاکہ متحدہ عرب امارات کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں عمل میں آئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ساتھ ہی بیان میں اس یقین کا اظہارکیا گیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
یہ بھی پڑھیے:572 پاکستانی قیدیوں کی رہائی، عمران خان کا اظہار تشکر