اسدعمرقیمتی شخص ہیں،کابینہ میں واپس آئیں،وزیراعظم


اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حکومتی ترجمانوں کے ساتھ بیٹھک لگائی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی اسد عمر کو مرضی کی وزارت کی پھر پیشکش

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسدعمر قیمتی شخص ہیں، انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ وفاقی کابینہ میں واپس آئیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق. یوسف بیگ مرزا، عثمان ڈار، زلفی بخاری، فیصل واوڈا، خسرو بختیار اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو کابینہ سے متعلق اپنے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا اور ملکی سیاسی  صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر بحث آیا جبکہ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں اور رہنماؤں کو اہم ہدایات بھی دیں۔

 

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وزیراعظم نے نئی معاشی ٹیم کو مہنگائی کے بوجھ سے نکالنے کا ہدف دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی حکمت عملی بنارہے ہیں،اس بار کسی کوخودساختہ مہنگائی بھی نہیں کرنے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کوئی بھی وزیر اعلیٰ تبدیل نہیں ہونے جارہا، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں چل سکتی لیکن اگر حکومت کی مفاہمت کی خواہش کو کمزوری سمجھے گی تو مشکل ہوگی۔ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے اپوزیشن ساتھ کھڑی ہوئی تو پورا تعاون کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ عمرایوب کو وزرات پیڑولیم کا بھی اضافی چارج دیا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے اسدعمر کے حوالے سے کہا کہ منایا ان کو جاتا ہے جو ناراض ہوں، اسدعمر عمران خان کی ٹیم کا اہم حصہ ہیں، فواد چوہدری آج لاہور میں تھے اس لیے انہوں نے اس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

وزیراعظم کے زیرصدارت اجلاس کی اندرونی کہانی

وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ تمام وزراء تیاری کے ساتھ میڈیا پر جائیں اور لوگوں کو حقائق بتائیں اور لوگوں کو ڈرانے کے بجائے امید دلائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حفیظ شیخ عالمی معیشت کے امور کو جانتے ہیں، وہ معاملات سنبھال لیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔


متعلقہ خبریں