شہباز شریف کیخلاف کیسز، نیب کا نجی وکیلوں کی خدمات لینے کا فیصلہ


قومی احتساب بیورو (نیب) نے کرپشن میں ملوث ملزموں کے مقدمات میں نجی وکلا کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا، اب اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے خلاف نیب مقدمات کی پیروی نعیم بخاری کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے نجی وکلا کی خدمات حاصل کرنے کے لیے پانچ رکنی خصوصی کمیٹی بنا دی ہے۔

کمیٹی کرپشن کے مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت سے ریفرنس دائر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق نیب نے قومی اسمبلی میں شہباز شریف کے خلاف مقدمات کے لیے نعیم بخاری ایڈووکیٹ کی خدمات حاصل کی ہیں۔

نعیم بخاری سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف پاناما کیس میں وزیراعظم عمران خان کے وکیل تھے۔

واضح رہے چودہ فروری کو  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  شہباز شریف کو عدالت نے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔

لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن  پاکستان کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔شہباز شریف مختلف مقدمات میں نیب کی تحویل میں تھے ۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ:شہباز شریف کی ضمانت کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت

گزشتہ روز قائد حزب اختلاف لندن پہنچ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی پوتی اور پوتے کو دیکھنے لندن جا رہا ہوں اور جلد وطن واپس لوٹ آؤں گا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے قریبی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ ان کی وطن واپسی چھ مئی کو ہوگی۔

ذرائع کے مطابق غالب امکان ہے کہ ان کی وطن واپسی رمضان المبارک کے آغاز میں ہو۔


متعلقہ خبریں