اسلام آباد: پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن پیش پیش ہیں۔
اسلام آباد میں زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ترکی ویژن 2023 اور مڈل کوریڈور کے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ یردکل اور زلمی فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شکیل احمد رامے بھی شریک تھے۔
ترک سفیر کی جانب سے پشاور زلمی اسکواڈ کے ساتھ دو کرکٹرز کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا۔
ترک سفیر مصطفیٰ یردکل نے کہا کہ ترکی آنے والے سالوں میں تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کے ذریعے تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں سے ترکی بھرپور فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی اس وقت تجارتی تعلقات کو بھی اہمیت دے رہا ہے۔ اس وقت پاکستان خطے کا بہت اہم ملک ہے اور اس وقت خطے میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔
زلمی فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شکیل رامے نے کہا کہ بہتر تعلقات کے ذریعے ہی خطے کے تمام ممالک ایک دوسرے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، تجارت کے ساتھ کھیلوں کے ذریعے بھی دنیا کو قریب لایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پشاور زلمی، محبتوں اور مسکراہٹوں کا سفر
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ترکی کے صدر طیب اردگان اپنے ممالک کو مزید ترقی کی جانب لے جانے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ دونوں ممالک کے بہتر تعلقات سے عوام کو فائدہ ہوگا۔
زلمی فاونڈیشن پاک ترک دوستی کے حوالے سے مزید پروگرام تشکیل دیتا رہے گا، شکیل رامے
شکیل رامے نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن اور ترکی کی اسپورٹس برانچز اور فیڈریشن کے درمیان ایم او یو سائن ہونے کے بعد ترکی کے دو نوجوان کرکٹرز اس وقت پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور میں پشاور زلمی کے ہمراہ ہیں۔
سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے میجر جنرل ریٹائرڈ حافظ مسرور نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوں گے۔