پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کی ،ہنگور نے طویل فاصلے پر مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا،انہوں نےآبدوزکی جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے قابل اعتماد بحری دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کی کامیابی زیر آب جنگی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاس ہے، پاک بحریہ قومی سمندری حدود کے تحفظ کیلئے جدید اور ہمہ وقت تیار فورس ہے۔
پاک نیوی کی آپریشنل تیاری قابل تحسین ہے، صدر مملکت
صدر آصف علی زرداری نے ہنگورکی پہلی کامیاب لائیوویپن فائرنگ پرپاک نیوی کوخراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے پاک نیوی کی آپریشنل تیاری اوربحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافےکوسراہا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جدید جنگی صلاحیتوں سےلیس پاک نیوی قومی بحری حدودکےتحفظ میں اہم کرداراداکر رہی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا پاک بحریہ کی نئی آبدوز ’ہنگور‘ کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کو سراہا۔
جدید جنگی صلاحیتوں سے لیس پاک بحریہ قومی بحری حدود کے…
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 27, 2026
ایڈمرل نویداشرف کی قیادت میں پاک نیوی کی آپریشنل تیاری قابل تحسین ہے،پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ملکی سمندری حدود کےمؤثردفاع کاعکاس ہے۔
ہنگورکی کامیاب فائرنگ پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے پاک بحریہ اورقیادت کو پی این ایس ہنگورکی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر مبارکباد پیش کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہنگورنےاینٹی شپ کروزمیزائل سے طویل فاصلےکے ہدف کوکامیابی سےنشانہ بنایا، ہنگورکی کامیاب فائرنگ پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قومی سلامتی کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائیں گے، انہوں نے پی این ایس ہنگورکی تیاری میں عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی پی این ایس ایم ہنگور کے کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس ایم ہنگور سے وابستہ تمام افسران و اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس ایم ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی غیر معمولی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
اینٹی شپ کروز میزائل سے طویل فاصلے کے ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانا پاک بحریہ کی بلند جنگی صلاحیت کا مظہر ہے،پاک بحریہ کی جدید آبدوز کی کامیاب ہتھیاروں کی فائرنگ ملک کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری کی عکاس ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کے لیے خدمات پر فخر ہے۔
چینی کمپنی کیساتھ طے پانے والے معاہدے کی تفصیلات
حکومت پاکستان نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) کے ساتھ آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں تیار ہونی ہیں جبکہ دیگر چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ (KS&EW) میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی (ToT) کے تحت تیار کی جائیں گی۔
پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ
چین میں پاکستان کے لئے تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ تقریب 27 اپریل 2024 کو چین کے ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس میں منعقد ہوئی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے،آئی ایس پی آر کے مطابق یہ پروجیکٹ پاک چین دوستی میں ایک نئی جہت کا اضافہ کرے گا۔
دوسری ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ تقریب
دوسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس شوشک کی لانچنگ کی تقریب 15 مارچ 2025 کو ووہان چین میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
لانچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جن میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندے بھی شامل تھے۔
تیسری ہنگور کلاس آبدوز کی لانچنگ
تیسری ہنگورکلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو (MANGRO)کی لانچنگ کی تقریب 16 اگست 2025 کو ووہان چین میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ شوانگلیو بیس میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف پراجیکٹ-2، وائس ایڈمرل عبد الصمد اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔
لانچنگ تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جن میں ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ اور چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ کے نمائندے بھی شامل تھے۔

